نام ِ کتاب:حیرتؔ فرخ آبادی فن اور فن کار (فن وشخصیت)







نام ِ کتاب:حیرتؔ فرخ آبادی فن اور فن کار   (فن وشخصیت)
      تریب و تہذیب:ڈاکٹر ہمایوں اشرف       مبصر:عبد المتین جامیؔ
ڈاکٹر ہمایوں اشرف صاحب ہمارے عہد کے ایک بڑے محقق اور نثر نگار کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔درس و تدریس کے پیشے سے وابستہ رہ کر آج تک اردو ادب کی آبیاری کے لیے خود کو وقف کررکھا ہے۔’’حیرتؔ فرخ آبادی فن اور فن کار‘‘کے نام 
سے یہ کتاب ہمایوں اشرف صاحب کی ترتیب شدہ کتاب ہے جس میں موصوف نے بڑیعرق ریزی سے حیرتؔ فرخ آبادی صاحب کی زندگی کے تقریباً ہر گوشے پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی ہے۔اس کتاب میں حیرت صاحب کی نجی زندگی اور ان کے خاندانی پس منظر پر علاوہ ادبی دنیا سے ان کی بے لوث وابستگی کو اجاگر کرنے کی حتی الامکان کوشش کی گئی۔
حیرتؔ فرخ آبادی صاحب کا اصلی نام جیوتی پرساد مصرا ہے ۔ان کے آبا واجداد الہٰ آباد کے ایک برہمن زمیندار خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور ان کے نانا افغانستان کے پٹھان مسلم خاندان کے فرد تھے ۔لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ خود ان کے والد شری مُتھرا پرساد مصرا عیسائی تھے۔ان کے نانا نے جن حیرت انگیز حالات کے تحت عیسائی دھرم اختیار کیا حیرتؔ صاحب نے اس کا تذکرہ بھی اس کتاب میں ’’کچھ میرے خاندان اور میرے متعلق‘‘ کے عنوان سے کیا ہے جو کہ پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ 
کتاب میں حسب ذیل عنوانات کے تحت مضامین کو قلم بند کیے گئے ہیں۔ پہلے تو ’’آئینۂ حیرت‘‘ کے عنوان سے حیرت ؔ فرخ آبادی صاحب کا مکمل تعارف پیش کرتے ہو ئے ان کی ادبی کاوشوں پر مکمل روشنی ڈالنے کی سعی کی ہے   پھر ان کی شاعری کے مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔پھر حیرت ؔصاحب کی شاعری اور شخصیت پر لکھے گئے مختلف ادباء شعرا نیز نقاد کے مضامین کو شامل ہیں جن کی تعداد ۳۰؍ ہے۔ حیرت ؔ پر قلم بند کرنے والے ادباء و شعراء میں بطور خاص پروفیسر قمر رئیس‘ پروفیسر وہاب اشرفی‘فضل امام‘صدیق مجیبی‘ علیم اللہ حالی‘ علیم صبا نویدی‘پروفیسر قمر جہاں‘ ڈاکٹر شمیم احمد صدیقی‘ ڈاکٹر ہمایوں اشرف وغیر ہم کے نام قابل ذکر ہیں۔
ان مضامین کو ترتیب دینے کے بعد ہمایوں اشرف صاحب نے ’’نقد پارے‘‘ کے عنوان سے ایک باب قائم کیا ہے جس میں ڈاکٹر خواجہ اکرم‘ ڈاکٹر شمیم احمد صدیقی‘مجید رشیدی اور ڈاکٹر حسن نظامی کے مضامین شا مل ہیں۔اس کے بعد خطوط کے عنوان سے ایک باب  ہے جس میں ہمارے عہد کے تقریباً سبھی بڑے ادباء و شعراٗ کے خطوط شامل ہیں۔ مثلاً‘وارث علوی‘شمس الرحمٰن فاروقی‘ ڈاکٹر شارب ردولوی‘شمیم احمد حنفی‘ چندر بھان خیال‘یوسف ناظم‘ ندا فاضلی‘ غلام مرتضیٰ راہی‘ رؤف خیر وغیرہم۔
اخیر میں حیرتؔ فرخ آبادی کی شعری تخلیقات کو شامل کرکے ان کا مکمل تعارف پیش کیا ہے جس میں ان کی غزلیات اور قطعات کے علاوہ چند نظموں کو بھی  جگہ دی گئی ہے۔ حیرتؔ صاحب کی تخلیقات کی ایک جھلک دیکھنے سے ہی ان کی تخلیقیت افروزی کا پتہ چلتا ہے۔
ان کی حیرت انگیز زندگی نیز ان کی تخلیقات میں نہاں انسانیت نوازی اور 
دیگر مثبت پہلوؤں کا مشاہدہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہمایوں اشرف صاحب کی  اس قابلِ قدر کتاب ‘کا مطالعہ کیا جائے۔ قیمت ۴۰۰؍ روپے اور ملنے کا پتہ ۔حیرتؔ فرخ آبادی،کھوسلہ ہاؤس،گراؤنڈ فلور،نارتھ آفس پاڑا ،ڈرونڈا۔ رانچی 
SHARE

Milan Tomic

Hi. I’m Designer of Blog Magic. I’m CEO/Founder of ThemeXpose. I’m Creative Art Director, Web Designer, UI/UX Designer, Interaction Designer, Industrial Designer, Web Developer, Business Enthusiast, StartUp Enthusiast, Speaker, Writer and Photographer. Inspired to make things looks better.

  • Image
  • Image
  • Image
  • Image
  • Image
    Blogger Comment

0 comments:

Post a Comment